اسلام آباد(مہتاب حیدر) ایف بی آر نے تمباکو کمپنیوں کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا کروڑوں ڈالرز مالیت کا کنٹریکٹ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی )کو دے دیا ہے۔ رابطہ کرنے پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اس بات کی توثیق کی۔ تاہم اعلیٰ سرکاری ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ بولی دستاویز میں ٹائپ کی غلطی پر بیورو نے وزارت قانون کا نکتہ نظر مانگا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا اس معاملے میں ایف بی آر نے کنٹریکٹ دینے سے قبل پیپرا سے کمنٹس لیے؟ تاہم ایف بی آر نے منگل 29؍اکتوبر کو این آر ٹی سی کے نام لیٹر جاری کردیا۔ گزشتہ 14؍اکتوبر کو لائسنسنگ کمیٹی کی تفصیلات کے مطالعہ سے معلوم ہوا کہ این آر ٹی سی نے 0.731روپے فی ہزار اسٹیمپس کی پیشکش کی۔ تاہم این آر ٹی سی کا کہنا ہے کہ اس قیمت کا اعلان غلطی سے کیا گیا لہٰذا اس نے درستی کے لیے تنازع کے حل کے لیے قائم کمیٹی سےرجوع کیا کہ اسے فی یونٹ قیمت 731روپے فی ہز ار اسٹیمپس کرلی جائےخ۔ جسے مذکورہ کمیٹی نے قبول کرلیا۔ اس وضاحت کی بنیاد پر لاء اینڈ جسٹس ڈویژن آرڈر جاری کیا جس کا ذکر ایف بی آر کے خط میں موجود ہے۔